logo
"جب دل خالص اور پاک ہوتا ہے تو جا نکلتا ہے یہ بہشت کی طرف۔"گردد قابل سیر الهی گردد.”

الرسائل اثر حضرت شاه مقصود صادق عنقا ؛پیر اویسی؛
ذہنی آرام بخشی کی مشق

خود کو سکون کی یاد میں مشغول رکھیں،... تمرکز® ذہنی آرام...

دروازے کی طرف آجائیں...
  • آرام دہ لباس پہن لیں اور اپنی جلد کو ڈھکی ہوئی اور گرم حالت میں رکھیں۔
  • بیٹھنے کے لیے کسی پُرسکون جگہ کا انتخاب کریں، جہاں آپ کسی بھی قسم کی مداخلت سے محفوظ رہ سکیں۔
  • فرش پر آلتی پالتی مار کر بیٹھ جائیں اور جتنا ممکن ہو، خود کو آرام دہ حالت میں رکھیں۔ اپنی پیٹھ کو اپنی گردن اور سر کی سیدھ میں رکھیں اور اسی آرام دہ حالت میں بیٹھے رہیں۔ اپنے ہاتھ آرام سے اپنی گود میں رکھے رہیں۔
اندر کی سیر شروع کریں۔
  • بہت اچھّی، آہستگی سے اور گہری سانسیں لیں اور اپنا انہماک قائم رکھیں۔
  • اپنے جسم کو جتنا ممکن ہو سکے، ساکت رکھیں۔
  • اپنے طرزِ نشست پر توجّہ دیں۔ اپنی پیٹھ کو سیدھا، کاندھے پیچھے کی طرف، سر کو متوازن اور ٹھوڑی کو آگے کی جانب سیدھا رکھیں۔
  • اب اپنے سارے عضلات، یعنی پیروں سے لے کر چہرے تک کے عضلات کو، عضو بہ عضو، ہر عضو پر توجّہ مرکوز کرتے ہوئے ڈھیلا چھوڑ دیں اور عضلات کو آرام دہ حالت میں لاتے چلے جائیں۔
  • اپنے پیروں کو محسوس کریں کہ وہ فرش پر کس طرح رکھے ہیں۔ اب پیروں کے پنجوں کو حرکت دیں اور اپنے پیروں کو آہستگی سے حرکت دیتے رہیں، یہاں تک کہ پیر آرام کی حالت میں آ جائیں۔
  • اپنے ٹخنوں اور پنڈلیوں پر توجّہ دیں۔ اِن حصوں کے عضلات پر توجہ دیں۔ انھیں ڈھیلا چھوڑ دیں اور آرام دہ حالت میں لے آئیں۔
  • هاپنی توجّہ رانوں کی طرف لے آئیں۔ اِن عضلات میں محسوس ہونے والے ہر چھوٹے سے چھوٹے تناو سے نجات حاصل کریں۔
  • یہی عمل اپنے پیٹ، پیٹھ کے نچلے حصّے، پیٹھ کے اوپری حصّے، سینے، کاندھوں، بازوؤں، ہاتھوں، انگلیوں، گردن اور چہرے کے عضلات کے ساتھ دہرائیں۔ کوشش کریں کہ ہر ممکن حد تک عضلاتی تناو سے نجات حاصل کر لیں۔ اب دوبارہ اپنی توجّہ اپنی سانسوں کی آمد و رفت پر کر لیں۔ آہستہ آہستہ گہری گہری سانسیں لیتے رہیں۔
    اطمینان سے بیٹھیے، یہ آپ کی اپنی جگہ ہے…
    • اب اُس انتہائی پُرسکون ماحول کو ذہن میں لانا شروع کریں، جہاں آپ پہلے کبھی رہے ہوں۔
    • آرام سے ایک ایک کر کے اُن یادوں کو ذہن میں لائیں۔ اُن مقامات اور اُن لمحوں کی تصویر کو ذہن میں لائیں جہاں آپ بہت پُرسکون، بہت خوش اور بہت مطمئن تھے۔
    • ان لمحات، تجربات اور احساسات کو یادوں میں لانا شروع کریں۔
    • اپنے آپ کو پھر سے اُن پُرسکون اور پُرمسرّت لمحات میں محسوس کرنا شروع کر دیں۔
    • خود کو ایک بار پھر سکون کا تجربہ کرنے دیں۔
    • گہری سانس لیں اور اُن پُرسکون لمحات کے اثرات سے اپنے پورے وجود میں آرام و سکون بھرلیں۔
    • اُس کیف و سرور کو یاد کرتے رہیں اور اُس کے ذریعے اپنے ذہن کو آرام پہنچاتے رہیں۔
    • ہر سانس کے ساتھ اُن لمحات کو اپنے اندر لاتے رہیں اور اُنھیں چھا جانے دیں۔
    • اپنے ذہن کو خاموش اور پُرسکون ہو جانے دیں۔ہر بات کو فراموش کر دیں اور خود کو اُن خوب صورت لمحات کے حوالے کر دیں۔ …ہلکے پھلکے، پُرسکون،... بے وزن...
    • سانس لینا جاری رکھیں اور خود کو سکون کے عالم میں بہتا ہوا محسوس کرتے رہیں۔
    • اب بتدریج اپنی سانسوں میں ہوا کی لہر کو محسوس کرنا شروع کریں۔ اندر اور باہر سانس لیتے ہوئے، ہوا کے بہاو کو محسوس کرنا شروع کریں۔ آہستگی سے اپنی توجّہ اپنے جسم اور اپنے اندازِ نشست کی طرف لے آئیں۔
    • یہ محسوس کرنے کی کوشش کریں کہ آپ فرش پر کس طرح بیٹھے ہیں۔ اب اپنی توجّہ اپنی سانسوں کی آمد و رفت کے پورے نظام کی طرف مبذول کر لیں۔گہری سانس لیں اور آہستگی سے آنکھیں کھول دیں۔ ایک اور گہری سانس لیں۔ اپنے بازوؤں کو آگے کی طرف پھیلائیں۔ اور اپنی ٹانگوں کو اپنے سامنے پھیلا دیں۔ اپنے مطمئن اور مرتعش چہرے پر مسکراہٹ لے آئیں۔
    ... اور لمحۂ حاضر میں، اپنا استقبال کریں ...