"پانی کی سرکشی سمندر کی گہرائیوں کے مقابلے میں ساحل پر ہمیشہ زیادہ ہوتی ہے۔"”
"تھیوری آئی"['میں' کا نظریہ]، ازضرت شاه مقصود صادق عنقا؛پیر اویسی حضرت صلاح الدّین علی نادر عنقا "پیرِ اویسی"
تنفّسی مشق تمرکز کی سانس کی تکنیک آزمائیے۔ یہ آپ کے سینے کی کشادگی اور پھیپھڑوں کی گنجائش میں مددگار ثابت ہوگی۔.اِس مشق کی بدولت آپ خود کو پُرسکون، تازہ دم اور نئی توانائیوں سے بھرپور محسوس کریں گے اور آپ کی خواہش ہوگی کہ آپ اِس کے زندگی بخش اثرات کا زیادہ سے زیادہ تجربہ کریں۔
… تیّار ہو جائیں …
ڈھیلا ڈھالا آرام دہ لباس پہن لیں۔ تنگ ٹائی اور بیلٹ وغیرہ استعمال نہ کریں۔
ایسی جگہ منتخب کریں جو خوب ہوادار ہو۔ کھلی فضا بہتر رہے گی۔
اپنی ٹانگوں کو کاندھوں کی چوڑائی سے زیادہ کھول کر سیدھے کھڑے ہو جائیں۔
اپنی پیٹھ کو سیدھا، ٹھوڑی کو آگے کی طرف اور سر کو متوازن رکھیں۔
بازوؤں کو جسم کے دونوں طرف آرام سے لٹکنے دیں۔
پیروں کو فرش پر ایک دوسرے کے متوازی جمائے رکھیں۔ پنجوں کو سیدھا رکھیں۔
کچھ دیر کے لیے آنکھیں بند کر لیں اور آہستگی سے چند گہری سانسیں لینا اور پوری طرح باہر خارج کرنا شروع کریں۔ آپ ایک پُرلطف تجربے کے لیے تیّار ہو رہے ہیں۔
اب اپنی آنکھیں کھول دیں۔
… یاد رکھیں کہ آپ کو…
اپنے سارے جسم کو بہت اچھّی اور آرام دہ حالت میں رکھنا ہے۔
اپنے عضلات کو تناو سے آزاد رکھیں۔ ٹخنوں سے آغاز کر کے چہرے تک لاتے ہوئے اپنے عضلات کو آہستگی سے ڈھیلا چھوڑ دینا ہے۔
کسی مرحلے میں بھی اِس میں مداخلت کیے بغیر آسان انداز میں آہستگی سے گہری سانسیں جاری رکھیں۔
مشق کے دوران اپنے جسم کو پُرسکون اور سانس لینے اور خارج کرنے کے ہر بہاو سے ہم آہنگ رکھنا ہے۔
اپنے جسم کی ہر حرکت پر اپنی توجّہ رکھیں، اپنے جوڑوں اور عضلات کے کھنچاو اور ان کی حرکات کو پوری طرح محسوس کریں۔ اِس کے ساتھ ہی اپنے حواس اور ذہن کو بھی پوری طرح بیدار رکھتے ہوئے اپنی ہر سانس کو جسم کی حرکت سے ہم آہنگ رکھیں۔
سانس ناک سے لینا ہے۔
… لطف اندوز ہوں…
دونوں ہتھیلیوں کو اپنے کولھوں سے ذرا اوپر اپنی پیٹھ کے نچلے حصّے پر رکھ لیں۔ آہستگی سے بہت گہری سانس لیں اور اپنی سانس کو چند سیکنڈ روکے رکھیں۔
آگے کی طرف جھکیں…
جب آپ کمر سے آگے جھکے ہوئے ہوں تو آہستگی سے سانس خارج کریں۔
واپس سیدھے کھڑے ہوتے ہوئے لطافت اور آہستگی سے سانس لیں۔
سانس کو چند سیکنڈ کے لیے روکے رکھیں۔
پیچھے کی طرف جھکیں…
پیچھے کی طرف جھکتے ہوئے آہستگی سے سانس خارج کریں۔
واپس سیدھے کھڑے ہوتے ہوئے لطافت اور آہستگی سے سانس لیں۔
سانس کو چند سیکنڈ کے لیے روکے رکھیں۔
دائیں طرف جھکیں…
ودائیں طرف جھکتے ہوئے آہستگی سے سانس خارج کریں۔ اِس دوران جسم کا رخ سیدھا ہونا چاہیے۔
واپس سیدھے کھڑے ہوتے ہوئے لطافت اور آہستگی سے سانس لیں۔
سانس کو چند سیکنڈ کے لیے روکے رکھیں۔.بائیں طرف جھکیں…
بائیں طرف جھکتے ہوئے آہستگی سے سانس خارج کریں۔ اِس دوران جسم کا رخ سیدھا ہونا چاہیے۔.واپس سیدھے کھڑے ہوتے ہوئے لطافت اور آہستگی سے سانس لیں۔
سانس کو چند سیکنڈ کے لیے روکے رکھیں۔
اپنے ہاتھوں کو جسم کے دونوں اطراف آرام دہ حالت میں لاتے ہوئے لطافت اور آہستگی سے سانس لیں۔
مندرجۂ بالا مکمّل مشق کو بہت پُرسکون انداز میں5 سے 6 بار دہرائیں۔ آپ اگر اِس سے لطف اندوز ہو رہے ہوں تو اِس سے زیادہ بار بھی یہ مشق دہرا سکتے ہیں۔